لاڑکانہ: اختیارات کے ناجائز استعمال پر سعید غنی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر نگینہ میمن کو معطل کر دیا

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پر صوبائی وزیر برائے محنت، افرادی قوت سعید غنی نے متعلقہ خاتون افسر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے،
لاڑکانہ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر نگینہ میمن پر اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات سامنے آئے، جس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی، وزیر محنت کی ہدایات پر سیکرٹری محنت سندھ ساجد ابڑو نے نگینہ میمن کو فوری طور پر معطل کر دیا جبکہ ان کے خلاف عائد الزامات کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے، محکمہ محنت و افرادی قوت کے مطابق الزامات کی غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے گی اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی، صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا.



