ناران میں ٹک ٹاک بنانے کا شوق مہنگا پڑ گیا، گاڑی دریائے کنہار میں جا پھنسے، 4 سیاح بحفاظت ریسکیو

بالاکوٹ(جانوڈاٹ پی کے)ناران میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش سیاحوں کو مہنگی پڑ گئی، جب گاڑی دریائے کنہار میں داخل کرنے کے باعث پانی میں پھنس گئی، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں نے گاڑی میں سوار چاروں افراد کو بحفاظت نکال لیا۔

کے ڈی اے حکام کے مطابق سیاح مبینہ طور پر ویڈیو بنانے کی غرض سے گاڑی دریا میں لے گئے، لیکن پانی کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث گاڑی دریا کے بیچ میں پھنس گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) کی ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ریسکیو بوٹ کی مدد سے گاڑی میں موجود چاروں سیاحوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

کے ڈی اے حکام کے مطابق گاڑی کو دریائے کنہار سے نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سیلفی یا سوشل میڈیا ویڈیوز بنانے کے شوق میں اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں نہ ڈالیں اور سیاحتی مقامات پر حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔

مزید خبریں

Back to top button