خیبرپختونخوا میں بارشوں سے تباہی، 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارش، آندھی اور آسمانی بجلی سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے 7 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہے جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق حادثات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ میں پیش آئے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا بھی خدشہ ہے، شدید گرمی اور بارشوں سے گلیشیئرز تیزی سے پگھلنے لگے جس کے باعث فلیش فلڈ کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی، نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے ، ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے ہدایت کی گئی خطرناک علاقوں میں بروقت وارننگ اور لوگوں کا انخلاء یقینی بنایا جائے، لوگ دریا کے کناروں ، برساتی نالوں اور تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں۔



