وزیراعلی سہیل آفریدی کا ہزارہ ڈویژن کیلئے 200 ارب روپے کا جامع ترقیاتی پیکج تشکیل دینے کا اعلان

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل افریدی نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے پر مشتمل خصوصی جامع ترقیاتی پیکج تشکیل دینے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ نے پیکج تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس پیکج میں سے 50 ارب روپے خصوصی طور پر سیاحت کے فروغ سے متعلق منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہزارہ ڈویژن کے پارلیمنٹیرینز کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوام جہاں وفاقی حکومت سے این ایچ اے کے زیر اہتمام ہری پور تا مانسہرہ جی ٹی روڈ کی دو رویہ توسیع کا مطالبہ پیش کیا گیا۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے منصوبے کے لیے صوبائی حکومت کی مالی شراکت کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبائی حکومت عوام کی سہولت کے لیے ہری پور تا مانسہرہ جی ٹی روڈ کو دو روٹ کرنے میں بھرپور معاونت کرے گی۔
اجلاس میں آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی مشاورت کی گئی اور ڈویژن کی ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن کے لیے 200 ارب روپے پر مشتمل خصوصی جامع ترقیاتی پیکج تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس پیکج میں سے 50 ارب روپے خصوصی طور پر سیاحت کے فروغ سے متعلق منصوبوں کے لیے مختص کیے جائیں تاکہ ہزارہ ڈویژن کی پوٹینشل یعنی اس کے قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات سے بھر پور استفادہ کیا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق خصوصی ترقیاتی پلان میں شامل اسکیموں کی تجاویز کے لیے پارلیمنٹیرینز کی علیحدہ مشاورتی نشست منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ مقامی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابلِ عمل اور دیرپا اسکیمیں تیار کی جا سکیں۔
وزیر اعلی سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ آئندہ مالی سال کی ترقیاتی منصوبہ بندی ماضی سے مختلف اور نمایاں ہوگی جس میں بڑے اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبوں کو شامل کیا جائے گا جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ الائی کو ضلع بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا تاکہ انتظامی امور کو عوام کے قریب لایا جا سکے اور مقامی سطح پر خدمات کی فراہمی کو موثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کی ترقیاتی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینے سے قبل تمام منصوبوں کی ابتدائی تخمینہ و منصوبہ دستاویزات(پی سی ون) مکمل کی جائیں تاکہ وسائل کا درست اور شفاف استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھرپور سرمایہ کاری کی جائے گی اور صوبے کے پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوزکی جائے گی۔
اجلاس میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اور ہزارہ ڈویژن سے منتخب قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔



