ہولی کے دن تھرکول بلاک ون کے متاثرین کا احتجاج، مکمل معاوضے اور گھروں کی تعمیر کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے) تھرکول بلاک ون کے گاؤں تلوايو کے رہائشی کولہی برادری کے مرد، خواتین اور بچے ہولی کے تہوار کے موقع پر کمپنی کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے سائینو سندھ ریسورسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مکمل معاوضہ اور گھروں کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں پونجو کولہی، نہالو کولہی، کھیتو کولہی، مگھو بائی، ترجَن بائی، چوتھی بائی اور دیگر افراد شریک تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کمپنی نے انہیں نئے گھر بنا کر دینے کے وعدے پر ان کے آبائی علاقے سے منتقل کیا، تاہم ایک ماہ گزر جانے کے باوجود نہ تو گھروں کی تعمیر کی گئی اور نہ ہی مکمل ادائیگی کی گئی ہے، جس کے باعث وہ دربدر ہو چکے ہیں۔

متاثرین کے مطابق 24 خاندانوں میں سے صرف 12 خاندانوں کو جزوی ادائیگی کے طور پر فی خاندان 21 لاکھ روپے دیے گئے ہیں، جبکہ بقیہ رقم تاحال ادا نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے مکانات مائننگ کے دائرے میں آ چکے ہیں اور وہ گزشتہ ایک ماہ سے اسلام کوٹ میں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہولی جیسے مذہبی تہوار کے دن احتجاج کرنا ان کی مجبوری ہے کیونکہ متعلقہ حکام ان کی فریاد سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ فوری نوٹس لے کر انہیں مکمل معاوضہ اور رہائش فراہم کرے۔.

مزید خبریں

Back to top button