کوہستان کرپشن سکینڈل،خاتون سمیت مزید4ملزموں کی اثاثوں سے دستبرداری کیلئے درخواستیں
عدالت نے چاروں ملزموں کے بیانات ریکارڈ کرکے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا

پشاور(جانو ڈاٹ پی کے)کوہستان کرپشن سکینڈل میں ایک خاتون سمیت مزید4بے نامی داروں نے اپنے اثاثوں سے دستبرداری کے لیے احتساب عدالت میں درخواستیں دائر کردیں، جس پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد ظفر نے ایک خاتون سمیت 4 بے نامی داروں کی درخواستوں پر سماعت کے دوران بیانات ریکارڈ کرکے ان درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نیب پراسیکیوشن کے مطابق بے نامی داروں میں ایک خاتون اوربرکت علی، گل داد اور عامر شہزاد شامل ہیں،مرکزی ملزم قیصر اقبال کے قریبی رشتہ داربتائے جاتے ہیں جن کے نام پر کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے اور ان کے نام پر قیمتی پلاٹس اور دیگر اثاثے بنائے گئے ہیں۔دوران سماعت ان بے نامی داروں نے عدالت میں اپنے بیانات ریکارڈ کرکے اثاثوں سے بغیر کسی دباؤ کے دستبرداری پر رضامندی کا اظہار کیا اور اپنے حلفیہ بیانات عدالت میں پیش کیے۔عدالت نے ان کے بیانات ریکارڈ کرکے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔



