بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سٹی کونسل کا اجلاس،اپوزیشن اور حکومت کے اراکین آپس میں الجھ پڑے، شدید نعرے بازی اور احتجاج

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سٹی کونسل کا اجلاس میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے درجات کی بلندی کے لیے قرارداد پیش کی گئی اور منظور کر لی گئی۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ امریکا نے خلیج کی ریاستوں میں اڈے بنا رکھے ہیں اور ایران اسلامی ممالک پر بمباری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے دل تمام اسلامی ممالک کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پاکستان کو فری پیس بورڈ سے الگ ہونا چاہیے۔
پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف مبشر احمد نے کہا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کی پاکستان تحریک انصاف مذمت کرتی ہے اور ایرانی قوم کو ان کی بہادری پر خراج تحسین پیش کیا۔ کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کو بے دردی سے شہید کیا گیا اور امت مسلمہ کو اجتماعی سوچ کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں سانحہ گل پلازہ کے متاثرین سے ہمدردی کے لیے قرارداد بھی منظور کی گئی۔ کرم اللہ وقاصی کے خطاب کے دوران اپوزیشن کے شدید نعرے بازی اور احتجاج کے بعد حکومتی اور اپوزیشن ارکان آپس میں الجھ پڑے۔
اجلاس میں عباسی شہید اسپتال میں سینئر تھراپسٹ کی آسامی کو بی ایس 18 میں اپ گریڈ کرنے، کے ایم سی کے تمام اسپتالوں میں سو فیصد یوزر چارجز کے استعمال کی منظوری، طبی اداروں کو میڈیکل آکسیجن گیس کی موجودہ قیمتوں میں اضافہ، اور کیٹل پاؤنڈ فریش اینیمل سیل کے قیام کی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔



