لاہور ہائیکورٹ میں کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کو کالعدم کرنے کی درخواست دائر

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 پر عملدرآمد روکنے اور اسے غیر قانونی قرار دینے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست شیخ امتیاز محمود نے اپنے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 آئین کے خلاف منظور کیا گیا اور عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ وہ بطور ممبر پنجاب اسمبلی اس معاملے پر پہلے ہی توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا چکے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ معمول کے مطابق پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے اور یہ ناقابلِ ضمانت جرم ہے، جبکہ بسنت کے انعقاد سے شہریوں کو جانی و مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ مزید کہا گیا کہ گلی محلوں میں پتنگیں اور ڈور بنانے کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیے جا چکے ہیں، جو عوامی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چین سمیت دیگر کئی ممالک نے بسنت پر نقصانات کے پیشِ نظر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، اس کے باوجود کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 نافذ کرنا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کو کالعدم قرار دے اور حتمی فیصلے تک ایکٹ اور اس کے تحت جاری تمام نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد روکنے کا حکم جاری کرے۔

مزید خبریں

Back to top button