شاہ سلمان کے معائنے کے بعد صحت یابی کی خوشخبری، پاکستانی قیادت نے نیک خواہشات کا اظہار کیا

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیزطبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد اسپتال سے واپس روانہ ہو گئے اور ان کے ٹیسٹ اطمینان بخش قرار دیے گئے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیر کا طبی معائنہ اطمینان بخش رہا، جس کے بعد انہیں اسپتال سے واپس روانہ کردیا گیا۔

شاہی حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ شاہ سلمان ریاض کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں طبی معائنے کروا رہے ہیں۔

بعد ازاں ایس پی اے نے ایک تازہ بیان میں بتایا کہ وہ طبی معائنے مکمل ہونے کے بعد اسپتال سے روانہ ہو گئے ہیں اور یہ تمام معائنے اطمینان بخش تھے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف زرداری نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال میں داخل کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ‘ہم اس خبر پر گہری تشویش میں مبتلا ہیں کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود طبی معائنے کے لیے اسپتال میں داخل ہیں’۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘پاکستانی عوام شاہ سلمان کو نہایت قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں’۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ‘ہم اپنے سعودی بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دعاؤں میں شریک ہیں کہ اللہ تعالیٰ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو جلد مکمل صحت یابی، بھرپور توانائی اور قیادت جاری رکھنے کی طاقت سے نواز دے’۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔

صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے لیے پوری پاکستانی قوم دعاگو ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ شاہ سلمان ریاض کے اسپتال میں طبی معائنے کے لیے داخل ہیں، پاکستانی قوم کے دلوں میں شاہ سلمان کا بے حد احترام ہے، الّلہ تعالیٰ شاہ سلمان کو تندرستی، عمرِ دراز اور سعودی عرب کی قیادت کے لیے مزید ہمت عطا فرمائے۔

مزید خبریں

Back to top button