شاہ سلمان کا اہم فیصلہ: سعودی سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام میں 2026 تک توسیع

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام میں ایک برس کے لیے توسیع کی ہدایت جاری کردی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان سے ’سیٹزن اکاؤنٹ پروگرام‘ کی مدت میں توسیع کے لئے سفارش کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ایوان شاہی سے شہریوں کے لیے امدادی پروگرام اور اس میں رجسٹریشن کے عمل کو سال 2026 کے آخر تک جاری رکھنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔
دسمبر 2016 میں اس پروگرام کا اعلان کیا گیا تھا اور اسے فروری 2017 میں رجسٹریشن کے لیے کھول دیا گیا تھا، یہ سعودی شہریوں کو مختلف معاشی اصلاحات کے اثرات سے بچانے کے لیے شروع کیا گیا تھا جس سے معاشرے کے کچھ طبقات پر اضافی بوجھ پڑ سکتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق وزیر افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی احمد سلیمان الراجحی نے سیٹزن اکاؤنٹ پروگرام میں مزید ایک برس کے لیے دی جانے والی توسیع کی منظوری پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
الراجحی کا مزید کہنا تھا کہ مملکت کی اعلٰیٰ قیادت کی جانب سے شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سہولت فراہم کرنے کے لیے پروگرام میں مزید توسیع کی منظوری دی گئی۔



