لاڑکانہ میں پسند کی شادی کرنے پر انتقام،خاتون کو بیٹی اوربیٹے سمیت اغواکرلیا

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میں پسند کی شادی کرنے پر انتقام، مسلح افراد نے گھر پر دھاوا بول کر شادی شدہ خاتون کو جوان بیٹی اور چھوٹے بچے سمیت اغوا کرلیا۔
لاڑکانہ شہر کے تھانہ ولید کی حدود شیخ زید کالونی میں مسلح افراد نے مبینہ طور پر گھر میں داخل ہو کر شادی شدہ خاتون اور2بچوں کو اغوا کر کے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مغوی خاتون عابدہ پروین،ان کی24سالہ بیٹی لاریب النساء چنو اور8سالہ بچہ فیضان چنو کو اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا۔واقعہ کی ایف آئی آر مغوی خاتون کے شوہر اورنگزیب چنو کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے جس میں نعمت اللہ تنیو، علی گل تنیو اور تین نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے. شکایت کنندہ کے مطابق ملزمان اسلحہ لے کر ان کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر خاتون اور بچوں کو بندوق کی نوک پر ساتھ لے گئے،ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان کی بیٹی عظمیٰ کے مبینہ اغوا کا شبہ مدعی کے بیٹے سلطان عرف سونو چنو پر تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سلطان اور عظمیٰ آپس میں پسند کی شادی کے لیے گھر سے نکلے تھے جس کے بعد مبینہ طور پر لڑکی کے ورثاء نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کے گھر کی خواتین اور بچے کو اغوا کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں.




