وادی تیراہ میں ہر سال نقل مکانی،صوبائی حکومت اور جرگے میں معاملات طے ہوئے،وزیر دفاع

صوبائی حکومت اور مشران کے جرگے کا فوج سے کوئی تعلق نہیں

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ برفباری کے سبب ہر سال تیراہ میں نقل مکانی ہوتی ہے، اس بار بھی نقل مکانی سے قبل کے پی حکومت اور تیراہ کے عمائدین کے درمیان کامیاب جرگہ ہوا تھا جس کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔یہ بات وزیر دفاع نے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر اختیار ولی اور دیگر کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔خواجہ آصف نے کہا کہ11دسمبر کو ایک جرگہ ہوا تھا جس میں جرگے نے صوبائی حکومت سے کامیاب مذاکرات کیے تھے،صوبائی حکومت نے نقل مکانی کرنے والوں کے لیے 4ارب روپے کے فنڈز رکھے ہیں 4ارب روپے کا حساب کے پی حکومت دے گی،بتایاجائے 4ارب روپے کہاں خرچ ہوئے؟مگر یہاں تو نقل مکانی کو بحران قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جرگے میں یہ بھی طے پایا تھا کہ علاقے میں سکول اور تھانے بھی قائم کیے جائیں گے جبکہ جرگے کے ارکان ٹی ٹی پی کے پاس بھی گئے تھے۔وزیر دفاع نے کہا کہ کے پی حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر رہی اور اپنی ناکامی کا ملبہ اداروں پر ڈالنا چاہتی ہے،صوبائی حکومت اور مشران کے جرگے کا فوج سے کوئی تعلق نہیں، آپریشن سے متعلق مفروضے قائم کیے جارہے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاعات پر آپریشن جاری رہیں گے، دہشت گردوں کا ہر صورت قلع قمع کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button