سزا ملنی ہے تو سب کو برابر ملنی چاہیے، خواجہ سعد رفیق

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سزا ملنی ہے تو پھر سب کو برابر ملنی چاہیے۔
لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں 3 روزہ فیسٹیول کے آخری روز پینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم جب 4 کروڑ تھے تب بھی دائروں میں سفر کر رہے تھے، آج 25 کروڑ ہیں تب بھی دائروں میں سفر کر رہے ہیں، یہ دائروں کا سفر ختم ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہجوم ہیں قوم نہیں ہیں، بدقسمتی سے ہمیں قوم بننے ہی نہیں دیا گیا، بدقسمتی سے ہم قوم بننے لگتے ہیں تو کوئی واقعہ ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کو لیڈر چاہیے، کوئی جاگیردار، ارب پتی یا سلیبرٹی، سیاسی جدوجہد کرنے والوں کی تو ضمانت ضبط ہو جاتی ہے، ہم جذباتی ہو جاتے ہیں، معذرت کے ساتھ ہم 70 میں بھی جذباتی ہی ہوئے تھے اور آپ نے جاگیردار کو ٹھپا لگا کر لیڈر بنا دیا تھا۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ سزا ملنی ہے تو پھر سب کو برابر ملنی چاہیے، اگر ہمیں دائرے کے سفر سے نکلنا ہے تو سب کو مل کر سوچنا ہوگا۔



