سفارتی سطح پر بھارت اس وقت رل گیا، مودی سمیت چار پانچ کا یہ گروپ اس وقت اپنا منہ نوچ رہے ہیں: وزیر دفاع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سفارتی سطح پر بھارت اس وقت رل گیا ہے، مودی سمیت چار پانچ کا یہ گروپ اس وقت اپنا منہ نوچ رہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام  میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ پاکستان کی قیادت موجودہ صورتحال میں اہم کردار ادا کررہی ہے، خلفشار میں گرے ہوئے ممالک کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب ممالک کا یکساں مفاد ہے کہ امن قائم ہو، بھارت کے ساتھ جنگ کے بعد مسلم دنیا میں پاکستان کا کردار بہت واضح ہوا ہے، پہلے ہمارا اتنا کلیدی کردار نہیں رہا اب پاکستان پر دنیا کا اعتماد قائم ہوا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ پاکستان کی قیادت اور ہائبرڈ سسٹم اس وقت ڈیلیور کررہا ہے، ہمیں موقع ملا ہے کہ تاریخ میں اپنا مقام بنائیں۔

وزیر دفاع نے کہاکہ خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان الگ نہیں رہ سکتا، دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان اتنے بڑے تنازع میں ثالثی کررہا ہے، ایران امریکا مذاکرات کی میزبانی سے متعلق ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کے جواب میں کہا کہ مودی سمیت چار پانچ کا یہ گروپ اس وقت اپنا منہ نوچ رہے ہیں، ہمیں ثالثی پر یہ طعنے دے رہے ہیں تو یہ یوکرین میں کیا کررہے تھے؟ یوکرین کی جنگ تو آج بھی ختم نہیں ہوئی بھارتی اس وقت بڑا کریڈٹ لے رہے تھے، سفارتی سطح پر بھارت اس وقت رل گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button