اسرائیل کا مشترکہ حکمت عملی سے ہی مقابلہ ممکن ہے، خواجہ آصف

سیالکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں اور ان کے لواحقین کو ضرور یاد رکھا جائے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں ملکی دفاع کی مضبوط بنیاد ہیں، امتِ مسلمہ اس وقت آزمائش سے گزر رہی ہے، جس میں فلسطین، سوڈان اور کشمیر کے مسلمان سرفہرست ہیں۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ عالمِ اسلام کی بقا اتحاد میں ہے اور تفرقہ ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،اسرائیل کسی کا دوست نہیں اور مشترکہ حکمت عملی سے ہی اس کا مقابلہ ممکن ہے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں اور اس کو اس وقت تک جاری رہنا چاہیے جب تک مکمل خاتمہ نہ ہو جائے، پاکستان میں سرگرم دہشتگردوں کو افغان حکومت کی پشت پناہی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے ضروری ہے کہ ہم اتحاد کے ساتھ اپنے مشرقی اور مغربی سرحدوں پر موجود دشمنوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔



