پاکستان نے 78 سال میں بہت غلطیاں کیں لیکن افغانوں کی مہمان نوازی سب سے بڑی غلطی تھی،خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنی 78 سالہ تاریخ میں پاکستان نے کئی غلطیاں کی ہیں، لیکن افغانوں کی طویل مہمان نوازی سب سے بڑی غلطی تھی، اور اللہ ہمیں اس کی معافی دے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خواجہ آصف نے لکھا کہ پاکستان کی طرف سے افغانستان کے اسپتال پر حملے کا دعویٰ ان لوگوں کی جانب سے سامنے آ رہا ہے جو خود مسجدوں پر حملے کرواتے، سر بسجود نمازیوں کو شہید کرتے، عام شہری، بازار اور اسکول نشانہ بناتے، اور معصوم بچوں کو خون میں نہلاتے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہاکہ منشیات کی اسمگلنگ اور ریاست پر حملے کرنے والے وہی لوگ ہیں جنہیں پاکستان پچاس سال سے پناہ دیتا رہا، مگر جنہوں نے وعدے کیے، وہ ان کے احترام نہیں کرتے اور اربوں روپے کی کمٹمنٹ پوری کرنے کے لیے تاوان طلب کرتے ہیں۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ پاکستان نے نہ صرف افغانوں کو پناہ دی بلکہ ان کے لیے ایک سپر پاور کے ساتھ بھی ٹکرایا اور تین نسلوں تک مہمان نوازی کی۔ اگرچہ ہم نے کئی غلطیاں کیں، لیکن افغانوں کی مہمان نوازی سب سے بڑی اور فاش غلطی تھی، جس کے لیے اللہ سے معافی طلب کرتے ہیں۔



