بسنت اب قومی تہوار بننے جا رہی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ بسنت اب پورے پاکستان میں قومی تہوار کے طور پر منائی جائے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے علیمہ خان اور ان کے بچوں کی بسنت منانے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سیاست کے ساتھ زندگی کے کئی رخ ہوتے ہیں، اور ہر پہلو کے ساتھ جینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ علیمہ خان اور ان کے بچوں کا بسنت منانا ایک مثبت اور صحت مند تبدیلی کی علامت ہے۔

یہ بڑی اچھی بات ہے کہ ان کی زندگیوں میں بھی کوئی خوشگوار تبدیلی آئی ہے، اگر انہوں نے بسنت انجوائے کی ہے تو میرے ساتھ ساتھ انہیں بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکر گزار ہونا چاہیے۔

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز مبارک باد کی مستحق ہیں، کروڑوں عوام نے بسنت کو انجوائے کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ڈالی گئی یہ روایت اب دوسرے شہروں تک بھی پھیلے گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جس انداز میں بسنت کو منایا گیا ہے، اس سے محسوس ہوتا ہے کہ یہ تہوار مستقبل میں پورے ملک میں قومی سطح پر منایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button