پاکستان کا عالمی وقار بلند، خطے میں امن کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل اور وزیرِاعظم کی قیادت میں پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں پاکستان نے تاریخی کردار ادا کیا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار سے خوش نہیں، تاہم اگر دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ جنگ کے بجائے مذاکرات، امن اور سفارت کاری کو ترجیح دی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم دنیا پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی مغربی سرحدوں پر امن کا خواہاں ہے اور افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان قیادت کو پاکستان کی دہائیوں پر محیط مہمان نوازی یاد رکھنی چاہیے، کیونکہ پاکستان نے افغان عوام کو پناہ، تعلیم اور روزگار کی سہولتیں فراہم کیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی قیادت نے عالمی سطح پر مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے اور ملک خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button