سندھو دیش کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،مصنوعی اکثریت رکھنے والی جماعت کا سندھ پرقبضہ ہے،خالد مقبول صدیقی

کراچی(جانوڈاٹ پی پی کے)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہےکہ سندھ اسمبلی میں آئین کے خلاف قرارداد پیش کی گئی،پیپلز پارٹی نے یہ قرارداد کسی خوف کے سائے میں منظور کی ہے۔کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ایک صوبہ ایسا کرتا ہے جیسے وہ پاکستان کے آئین سے بالاتر ہے۔خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ہم اب ایک اہم موڑ میں داخل ہوگئےہیں، اب فیصلہ کرناہے۔انہوں نے سوال اٹھایاکہ یہ کیسا انصاف ہےکہ170سیٹ لینے والاجیل میں اور80سیٹ لینے والاحکومت میں ہے،ایک مصنوعی اکثریت رکھنے والی جماعت نےسندھ پرقبضہ کیاہوا ہے۔
چیئرمین ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے ہوتے ہوئے ’سندھو دیش‘ کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ پورے پاکستان کا سب سے زیادہ کثیراللسانی صوبہ ہے اور شہری علاقوں کے ساتھ گزشتہ پچاس برسوں سے ناانصافی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 239 نئے صوبوں کی تشکیل کی اجازت دیتا ہے جبکہ آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینا لازم ہے، لیکن پیپلز پارٹی اپنے ہی میئر کو بااختیار بنانے کو تیار نہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 ریفرنڈم کی بھی اجازت دیتا ہے اور اگر سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہ ہوا تو وہ دوبارہ توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔



