پاکستانی خلابازوں کے انتخاب کا دوسرا مرحلہ مکمل

بیجنگ(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی خلابازوں کے انتخاب کا دوسرا مرحلہ مکمل۔سپارکو نے خلابازوں کے انتخاب کے عمل میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔چین میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے بعد دو امیدواروں کو حتمی تربیت کیلئے شارٹ لسٹ کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ابتدائی اسکریننگ کے بعددو امیدواروں کو چین کے آسٹروناٹس سینٹر میں طبی،نفسیاتی اور مہارتی معائنے کیلئے منتخب کیا گیا، جہاں ان کی مکمل جانچ کی گئی۔شارٹ لسٹ کیے گئے دونوں امیدوار اب چھ ماہ کی جدید تربیت حاصل کریں گے، جس کے بعد ان میں سے ایک امیدوار کو چینی خلائی اسٹیشن کے مشن کے لیے فائنل کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی خلاباز کی متوقع پرواز اسی سال اکتوبر یا نومبر میں متوقع ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان خلا کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ فروری دو ہزار پچیس میں طے پایا تھا۔



