خیر پور: ٹنڈومستی کے قریب کوچ اور ٹرک کا ہولناک تصادم، 11 مسافر جاں بحق، 15 زخمی

خیرپور(جانوڈاٹ پی کے)ٹنڈومستی کے قریب قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ 15 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین، کوچ کا ڈرائیور اور کنڈکٹر بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثہ ٹنڈومستی کے مقام پر پیش آیا۔ متاثرہ مسافر کوچ پنجاب سے کراچی جا رہی تھی کہ اچانک سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے باعث کوچ بری طرح تباہ ہو گئی اور مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ جاں بحق افراد کی میتیں سول ہسپتال خیرپور منتقل کر دی گئیں، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے گمبٹ ہسپتال لے جایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔ موٹروے پولیس اور خیرپور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شاہراہ کو آمد و رفت کے لیے بحال کرایا، تاہم حادثے کا شکار دونوں گاڑیاں کچھ دیر تک سڑک پر موجود رہیں۔



