کیٹی بندر میں المناک حادثہ: سمندر میں ڈوبنے والے کراچی کے شکاری کی لاش تاحال نہ مل سکی، ورثاء پریشان

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانو/پی کے)کیٹی بندر کے قریب سمندر میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں کراچی کے شکاری واحد بخش گبول کی لاش واقعے کے 24 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود تاحال برآمد نہ ہو سکی، جس کے باعث ورثاء شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے شکاری لانچ کے ذریعے کیٹی بندر کے سمندر میں پرندوں کے شکار کے لیے آئے تھے کہ اچانک لانچ میں پانی بھر گیا، جس کے نتیجے میں لانچ الٹ گئی۔ حادثے کے وقت لانچ میں 8 شکاری سوار تھے، جن میں سے 6 کو زندہ بچا لیا گیا۔
حادثے کے بعد ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر ریسکیو آپریشن شروع نہ کیے جانے پر ورثاء نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرکاری مدد نہ ملنے کے باعث متاثرہ خاندان اور مقامی غوطہ خور اپنی مدد آپ کے تحت لاش کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حادثے میں ڈوبنے والے ایک اور شکاری اصغر پنجابی کی لاش گزشتہ روز مقامی غوطہ خوروں نے سمندر سے نکال لی تھی، تاہم واحد بخش گبول کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ورثاء نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو کارروائیاں فوری اور سنجیدگی سے شروع کی جائیں تاکہ لاش کو جلد برآمد کیا جا سکے اور متاثرہ خاندان کو اذیت سے نجات ملے۔



