کے-الیکٹرک کے سی ای او مستعفی،جلد نئے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی متوقع

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کے-الیکٹرک کے چیف ایگزیگیٹو افسر(سی ای او) مونس علوی نے استعفی کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کو ارسال کر دیا ہے اور جلد ہی نئے سی ای او کی تعیناتی کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ مختلف تنازعات کاشکار ہو نے والے کے-الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے اپنا استعفی کمپنی کے بورڈ آف ڈآئریکٹر کو ارسال کردیا ہے اور جلد نئے سی ای اے او تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
کے-الیکٹرک کے ترجمان نے مونس علوی کے استعفے کے حوالے سے تصدیق یا ترید کرنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کے-الیکٹرک کے بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا جائے گا۔
مونس علوی نے کے-الیکٹرک میں 18 سال خدمات انجام دی جبکہ سی ای او کے عہدے پر طویل مدت تعینا ت رہنے کا ریکارڈ بھی قائم کر لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کے-الیکٹرک بورڈ آف ڈائریکٹر کے چئیرمین مارک اسکیلٹن کی جانب سے مونس علوی کا استعفیٰ منظور کرنے کی بھی اطلاعات ہیں اور دوسری جانب نئے سی ای او کے لیے 3 ناموں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے اور تینوں کا تعلق کراچی سے بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے امیدوار توانائی اور فناننس سیکٹر کا وسیع تجربہ رکھتے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کے-الیکٹرک بورڈ کا اہم اجلاس اگلے ہفتے ہونے کا امکان ہے، کے-الیکٹرک بورڈ آف ڈائریکٹرز کا الیکشن رمضان المبارک میں منعقد ہوں گے۔
اس ضمن میں ذرائع نے کہا کہ کے-الیکٹرک کا نیا بورڈ چیف ایگزیکٹیو مقرر کرے گا، موجود بورڈ نے جو تین نام شارٹ لسٹ کیے ہیں ان کے انٹریوز کرنے کے بعد نئے بورڈ کو رپورٹ جاری کرے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کے-الیکٹرک کے بورڈ ممبرز کی مجموعی تعداد 13 ہے، طویل عرصے سے کے-الیکٹر کے تین بورڈ ممبرز کی نشستیں خالی ہیں اور مونس علوی کے استعفے کے بعد موجودہ بورڈ ممبرز کی تعداد 9 رہ گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سی سی او کے استعفے کے بعد کے-الیکترک میں بے یقینی کی فضا ہے اور اعلیٰ افسران مستقبل کے حوالے سے پریشانی میں مبتلا دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مونس علوی نے 8 سال تک سی ای او کے فرائض انجام دیے، مونس علوی کے-الیکٹرک میں سب سے طویل مدت سی ای او رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مونس علوی ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں تاہم اس حوالے سے ان سے فون پر رابط کیا لیکن انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا اور کسی پیغام کا جواب نہیں دیا۔
ترجمان کے الیکٹرک نے اس حوالے سے کہا کہ ہمارے علم میں نہیں ہے کہ سی ای اومونس علوی نے استعفیٰ دیا ہے یا نہیں، کے-الیکٹرک اس حوالے سے کمپنی کی ہدایت کے مطابق اپنا مؤقف جا ری کرے گی۔



