برطانیہ نے امریکا کو ایران کے خلاف فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے امریکا کو ایران کے خلاف کارروائی کے لیے برطانوی فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال میں نئی شدت آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اپنے بیان میں کیئر سٹارمر نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فوجی اڈوں کے استعمال کی باقاعدہ درخواست موصول ہوئی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق برطانوی اڈے ایرانی میزائل ڈپو اور لانچرز کے خلاف ممکنہ کارروائیوں میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ برطانوی شہریوں کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اسی لیے برطانوی طیارے دفاعی مقاصد کے تحت پہلے ہی فضا میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خلیجی شراکت دار ممالک کی جانب سے بھی دفاعی تعاون کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کیئر سٹارمر نے امریکا کو فضائی اڈوں کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران پر ممکنہ فضائی حملوں کے لیے رائل ائیر فورس کے بیسز استعمال کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم قانونی خدشات کے باعث برطانوی حکومت نے اس کی منظوری نہیں دی تھی۔
تازہ فیصلے کو برطانیہ کی پالیسی میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے، جس کے خطے اور عالمی سیاست پر دور رس اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔



