شکارپور: شہید ایس ایچ او کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کچے میں  آپریشن،2 ڈاکو ہلاک، 13 زخمی

شکارپور( رپورٹ سیف مصطفیٰ/  نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)شہید ایس ایچ او لکھی غلام شاہ خمیسو خان بروہی کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کا مزارپور کچے کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق یہ آپریشن ہرانی جتوئی گینگ، جونیجو گینگ اور مگنیجو گینگ کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی شکارپور شاہزیب چاچڑ کی قیادت میں ہونے والے آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری، بکتربند گاڑیاں اور جدید ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران اب تک دو ڈاکو ہلاک جبکہ تیرہ ڈاکو زخمی ہوئے ہیں۔ مزید یہ کہ ڈاکوؤں کے ٹھکانوں سے مسافروں سے لوٹا گیا سامان اور شناختی کارڈ بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کی آماج گاہوں کو مسمار کرکے نذر آتش کیا گیا، جبکہ مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں پولیس نے تحویل میں لے لی ہیں۔

ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ کے مطابق یہ آپریشن شہید ایس ایچ او خمیسو بروہی کے قاتلوں کی گرفتاری تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button