گھوٹکی میں یومِ کشمیر، کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج

ڈہرکی: (رپورٹر: وجے کمار چاولہ/جانو ڈاٹ پی کے)حکومتِ سندھ کی ہدایات پر ضلع گھوٹکی بھر میں یومِ کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور بھارت کے غیر قانونی قبضے، ظلم و جبر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

ضلعی ہیڈکوارٹر میرپور ماتھیلو کے علاوہ گھوٹکی، ڈہرکی، اوباورو اور خان گڑھ میں بھی ریلیاں منعقد ہوئیں، جن میں سرکاری افسران، اساتذہ، طلبہ، سماجی کارکنان اور شہریوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعلان کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

ڈی سی کمپلیکس میرپور ماتھیلو میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تنویر احمد کی قیادت میں مرکزی ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

مقررین نے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر مظالم، ماورائے عدالت قتل اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

ریلیوں کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کی جدوجہدِ آزادی میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button