بھارت کے یومِ جمہوریہ پر کشمیری عوام یومِ سیاہ منائیں گے، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کا اعلان

سری نگر / اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) بھارت کے یومِ جمہوریہ کے موقع پر کشمیری عوام دنیا بھر میں اور مقبوضہ وادی کشمیر کے دونوں اطراف یومِ سیاہ منائیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس (KMS) کے مطابق اس دن کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ بھارت کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے۔

کُل جماعتی حریت کانفرنس نے 26 جنوری کو یومِ سیاہ منانے کی کال دے رکھی ہے، جس کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی، جبکہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف دارالحکومتوں میں بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکام نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ وادی کو عملاً ایک فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے۔ قابض بھارتی فورسز نے سخت لاک ڈاؤن نافذ کر رکھا ہے، جبکہ شہریوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقبوضہ علاقے میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی میں اضافہ کر دیا گیا ہے، سڑکوں کو خاردار تاروں اور رکاوٹوں سے بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث کشمیری عوام کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور معمولات زندگی محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔

کے ایم ایس کا کہنا ہے کہ یومِ سیاہ کے ذریعے کشمیری عوام دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بھارت کی ظلم و جبر پر مبنی پالیسیاں بدستور جاری ہیں اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔

یہ دن نہ صرف کشمیری عوام کے لیے احتجاج کی علامت ہے بلکہ عالمی سطح پر ان کی جدوجہدِ آزادی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button