کراچی میں مزید نئی بسیں اور ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام تیز کرنے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) حکومتِ سندھ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے مزید نئی بسیں جلد متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی سمیت جاری منصوبوں، عوامی سہولت اور کراچی میں سفری مسائل کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو، پی ڈی یلو لائن کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو سمیت متعلقہ انجینئرز اور کنسلٹنٹس شریک تھے۔

سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں، اب تک کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ اہداف پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام کی رفتار مجموعی طور پر تسلی بخش ہے تاہم اسے مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کو یقینی بنائیں۔

سینئر وزیر نے واضح کیا کہ کوریڈور کی بروقت تکمیل حکومتِ سندھ کی اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات، ٹریفک جام اور روزمرہ کی پریشانیوں کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مؤثر آگہی مہم کو مزید فعال بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں نئی بسوں کے آغاز کے عمل کو تیز کرنے اور ایسے روٹس کے انتخاب پر زور دیا گیا جہاں عوام کو سب سے زیادہ سفری مشکلات درپیش ہیں۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بس سروس میں توسیع سے شہریوں کو محفوظ، سستی اور باوقار سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کا حکم بھی دیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کو جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے اور بی آر ٹی منصوبوں کے ساتھ نئی بسوں کا آغاز شہری زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button