کراچی میں گیس سلنڈر دھماکا، چھت گرنے سے بچی سمیت 9 افراد جاں بحق، 12 زخمی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) شہر قائد میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں چھت گرنے سے ایک بچی سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔
یہ افسوسناک حادثہ گل رعنا کالونی، سولجر بازار میں گلی نمبر 05 کے قریب آغا خان اسکول کے علاقے میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ملبے سے نکالی گئی 9 لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ امدادی ادارے اور متعلقہ حکام موقع پر موجود رہے جبکہ دھماکے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتیں بھی لرز گئیں اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈی سی ایسٹ کے مطابق گرنے والی عمارت کے ملبے تلے دو افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گیس سلنڈر دھماکا ہوا جس کی شدت سے پوری عمارت متاثر ہو کر زمین بوس ہو گئی۔ تنگ گلیوں کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔



