لانڈھی میں آگ نے 2 فیکٹریوں کو لیپٹ میں لے لیا، تیسرے درجے کا الرٹ جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)شہر قائد کے علاقے لانڈھی کے ایکسپورٹ پراسسنگ زون میں قائم فیکٹری میں لگنے والی آگ بے قابو ہوگئی جس کے بعد اُسے تیسرے درجے کا قرار دے دیا گیاہے۔

میڈیا نیوز کے مطابق لانڈھی کے ایکسپورٹ پراسسنگ زون میں قائم پلاسٹک کی فیکٹری میں 8 بجے کے قریب آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔

آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کو دیکھتے ہوئے شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور ریسکیو ورکرز سمیت واٹر ٹینکر طلب کیے گئے جبکہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ کی شدت بہت زیادہ ہے اور اس نے تینوں طرف سے فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا ہے، ہم آگ پر قابو پانے اور عمارت کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آگ نے دو فیکٹریوں کو اپنی لیپٹ میں لے لیا ہے اور یہ تیسرے درجے کی شکل اختیار کرچکی ہے، جس کو بجھانے کیلیے 10 سے زائد فائر ٹینڈر اور اسنارکل مصروف ہیں اور شعلوں کو مزید پھیلنے سے روکا جارہا ہے۔

چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ ملیر کورٹ سے قائد آباد تک شدید ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے گاڑیاں پھنس گئیں اور تاخیر سے پہنچی ہیں۔

اُدھر مشیر وزیراعلی سندھ برائے بحالی گیان چند ایسرانی نے لاندھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ و ریسکیو ٹیموں کو عملے سمیت وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے  کمشنر کراچی سے متاثرہ فیکٹری کی تفصیلی رپورٹ طلب کی اور کے ایم سی اور فائر سروسز کو ہنگامی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور متعلقہ حکام مل کر واقعے کی مکمل تحقیقات کریں جبکہ متاثرہ مزدوروں و اہل خانہ کی فوری مدد کو یقینی بنایا جائے اور ریسکیو ٹیمیں بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

مزید خبریں

Back to top button