گل پلازہ آتشزدگی بڑا حادثہ، کولنگ پراسیس میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں، چیف فائر آفیسر

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا ہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والا آتشزدگی کا واقعہ غیر معمولی طور پر بڑا ہے، جس کے باعث آگ پر مکمل طور پر قابو پانے اور کولنگ کے عمل میں تین سے چار دن لگ سکتے ہیں۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق گل پلازہ میں فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے، شاپنگ پلازہ میں تقریباً دو ہزار سے زائد دکانیں قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع رات 10 بج کر 27 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے فوری بعد پورے کراچی سے 14 فائر ٹینڈرز، 3 اسنارکلز اور 2 واٹر باؤزر موقع پر روانہ کیے گئے۔
ہمایوں خان نے کہا کہ فائر بریگیڈ نے آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا تھا، تاہم اس دوران پلازہ کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک فائر فائٹر ملبے تلے دب گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کے دوران ایک فائر فائٹر نے اپنی جان قربان کی اور جامِ شہادت نوش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ کی شدت اور نوعیت کو دیکھتے ہوئے واقعے کو فوری طور پر تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دیا گیا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں پوری رات آگ کی نگرانی کرتی رہیں، جبکہ بیشتر افراد علاقہ چھوڑ چکے ہیں، تاہم فائر بریگیڈ اب بھی موقع پر موجود ہے۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق گل پلازہ کا رقبہ پونے دو ایکڑ پر محیط ہے، جس کے باعث ریسکیو اور کولنگ کے عمل میں وقت لگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ آگ کی آخری چنگاری کو بھی مکمل طور پر ٹھنڈا کر دیا جائے، آگ بجھنے کے بعد واقعے کا مکمل آڈٹ کیا جائے گا، جس کے بعد تمام حقائق سامنے آئیں گے۔



