نجی ایئرلائن کا انوکھا کارنامہ، کراچی سے جدہ جانے والے مسافر کا پاسپورٹ ہی پھاڑ ڈالا، مسافر کا شدید احتجاج

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) نجی ملکی ایئر لائن کے بورڈنگ کاؤنٹر اسٹاف نے انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے کراچی سے جدہ جانے والے مسافر کا پاسپورٹ ہی پھاڑ دیا۔
مسافر قدرت اللہ کراچی سے ایئر بلیو کی پرواز پی اے 170 سے جدہ جا رہا تھا۔
ایئربلیو جناح ٹرمینل کے ٹکٹنگ کاؤنٹر اسٹاف نے ٹکٹ کی کنفرمیشن کے وقت ممکنہ طور پر مسافر کا پاسپورٹ پھاڑ دیا اور مسافر قدرت اللہ پاسپورٹ کے پھٹ جانے کی وجہ سے جدہ روانہ نہ ہو سکا۔
ایئر بلیو کی پرواز پی اے 170 اپنے ہی اسٹاف کی غلطی کی وجہ سے مسافر قدرت اللہ کو چھوڑ کر جدہ روانہ ہوگئی۔ مسافر قدرت اللہ گروپ کے ساتھ کراچی سے سعودی عرب روزگار کے لیے جا رہا تھا۔
جناح ٹرمینل ایئرپورٹ بلیو کے ٹکٹنگ کاؤنٹر کے اسٹاف سے مسافر کا پاسپورٹ غلطی سے پھٹا۔ پاسپورٹ پھٹ جانے کے سبب بین الاقوامی فلائٹ سے رہ جانے والے مسافر قدرت اللہ نے شدید احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق پھٹے ہوئے پاسپورٹ پر بین الاقوامی سفر نہیں کیا جا سکتا، مسافر قدرت اللہ کو سعودیہ جانے کے لیے نیا پاسپورٹ بنوانا پڑے گا۔



