کراچی کیلئے بڑی خوشخبری! "انڈسٹریل واٹر پارک” منصوبہ تکمیل کے قریب
سیوریج کے پانی کو ری سائیکل کر کے صنعتی استعمال کے قابل بنایا جائے گا

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے )کراچی کے صنعتی اور ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے ایک تاریخی منصوبہ کراچی انڈسٹریل واٹر پارک تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔یہ منصوبہ نہ صرف بغیر صاف کیے گئے گندے پانی کو بحیرۂ عرب میں پھینکے جانے سے روکے گا بلکہ اس پانی کو ری سائیکل کر کے صنعتی استعمال کے قابل بھی بنائے گا۔منصوبے کے تحت ٹریٹری ٹریٹمنٹ (Tertiary Treatment) کے جدید نظام کے ذریعے پانی کو صاف کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں کراچی کی صنعتوں کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
منصوبے کے تحت ٹریٹری ٹریٹمنٹ (Tertiary Treatment) کے جدید نظام کے ذریعے پانی کو صاف کیا جائے گا
سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے اس منصوبے کی ابتدائی جانچ (Testing) شروع کی جائے گی، دسمبر2025یا جنوری2026تک 35 ملین گیلن یومیہ (MGD) پانی کی فراہمی کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔منصوبے کے دوسرے مرحلے میں جون 2026 تک یہ گنجائش بڑھا کر 100 MGD تک کردی جائے گی۔
پروجیکٹ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ کراچی انڈسٹریل واٹر پارک نہ صرف پانی کے بحران کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا بلکہ یہ منصوبہ اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے مطابق پاکستان کی ماحولیاتی ذمے داریوں کی تکمیل کی بھی علامت ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگر یہ منصوبہ کامیابی سے چلایا گیا تو یہ کراچی کو پائیدار صنعتی ترقی کی نئی راہ پر گامزن کر سکتا ہے، جس سے شہر کی معیشت، ماحول اور صنعت تینوں کو فائدہ ہوگا۔



