کراچی گندہ نہیں ان لوگوں کی سوچ گندی ہے، جویریہ سعود نے آئینہ دکھادیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)شہرقائد کو گندہ کہنے والوں کو جویریہ سعود نے آئینہ دکھا دیا، سینئر اداکارہ نے ایسے لوگوں کی سوچ کو ہی گندہ قرار دیدیا ہے۔

صبا قمر اور عفت عمر کی جانب سے کراچی کو ’گندہ‘ شہر قرار دینے پر جویریہ سعود نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے اور ایسے لوگوں کی ذہنی سوچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ سوچ گندی ہے، یہ اپنے ملک کو گندہ کہنے والے لوگ ہیں۔

تنازعات میں گھری رہنے والی اداکارہ عفت عمر نے صبا قمر کی حمایت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے سندھ کے دارالحکومت کراچی کو ’گندہ شہر‘ کہا تھا۔

جویریہ سعود نے ان اداکاراؤں کی تنقید کے بعد اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "شہر گندہ نہیں، سوچ گندی ہے ان لوگوں کی جو اسے گندہ کہتے ہیں۔”

"یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے ہی ملک کو گندہ کہہ رہے ہیں، کراچی ہو یا پاکستان کا کوئی بھی شہر ہمیں تو ہماری دھرتی کا ایک ایک کونا پیارا ہے۔”

خیال رہے کہ کچھ دنوں پہلے ایک پوڈ کاسٹ کے دوران صبا قمر نے کہا تھا کہ اگر کوئی بھی پراجیکٹ کراچی میں ہو تو پلیز اس کو اسلام آباد شفٹ کر دیں۔

اس دوران میزبان نے ان سے کراچی شفٹ ہونے سے متعلق سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ ’استغفراللہ‘ ساتھ ہی انھوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’کہتے ہیں کہ ایسا نہیں کہنا چاہیے کچھ پتا نہیں ہوتا۔‘

اب کراچی سے تعلق رکھنے والی جویریہ سعود نے صبا قمر اور عفت عمر کا نام لیے بغیر انسٹاگرام اسٹوری پر ان کی پوسٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button