کندھ کوٹ:راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 4 بچے جاں بحق

کندھ کوٹ (جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے ضلع کشمور میں واقع شہر کندھ کوٹ میں چار بچے راکٹ لانچر کے ایک پرانے زنگ آلود گولے کے پھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

یہ واقعہ کندھ کوٹ کے علاقے زورگڑہ میں انڈس ہائی وے کے قریب پیش آیا، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بچوں کو مویشی چراتے ہوئے جنگل سے زنگ آلود گولہ ملا تھا جو اچانک پھٹ گیا۔

اس افسوس ناک واقعے میں چار بچوں نے موقع ہی پر دم توڑا، جب کہ ایک زخمی ہو گیا ہے، علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق بچوں کا تعلق گولا قبیلے کے ایک ہی خاندان سے ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بچے برآمد شدہ گولے کو ناکارہ سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔

واضح رہے کہ ستمبر 2023 میں بھی کندھ کوٹ کے ایک علاقے میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں 4 بچے بھی شامل تھے۔

مزید خبریں

Back to top button