گل پلازہ آتشزدگی میں 70 سے زائد افراد کا لاپتا ہونا المیہ ہے، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے میں 70 سے زائد افراد کے لاپتا ہونے کو انتہائی افسوسناک اور المناک قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس سانحے پر عوام شدید جذبات میں مبتلا ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ آگ پر جلد از جلد مکمل طور پر قابو پایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص یہ نہیں چاہتا کہ ایسے واقعات پیش آئیں یا کسی کا کاروبار تباہ ہو، تاہم ضروری ہے کہ آگ لگنے کی اصل وجوہات سامنے لائی جائیں۔
کامران ٹیسوری نے واضح کیا کہ اس نازک وقت میں سیاست نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہمارے کئی بھائی تاحال عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ متاثرین کو معاوضہ دلوانے کے لیے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت دونوں سے بات کریں گے اور نقصان کے ازالے تک متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔



