کیلاش کولہی قتل کیس: سرفراز نظامانی اور سہولت کار گرفتار، دو دن کے ریمانڈ پر پولیس حوالے

بدین(رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)کسان کیلاش کولہی کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم سرفراز نظامانی اور اس کے سہولت کار ظفر اللہ خان کو پولیس نے بدین میں میجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے دو دن کا ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

بدین پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں سرفراز نظامانی نے بتایا کہ کیلاش کولہی اور اس کے دو ساتھی اس زمین کے حصے پر جھوپڑی بنانے کی کوشش کر رہے تھے، جہاں زمین کے تنازعہ پر مقدمہ زیر سماعت تھا۔ ملزم کے مطابق ان کے پاس کلہاڑیاں تھیں اور وہ زبردستی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے تھے، جس کے جواب میں سرفراز نظامانی نے فائرنگ کی۔

اس موقع پر بدین پریس کلب کی میڈیا ٹیم بدین تھانے پہنچی تاکہ ملزم سے رابطہ کیا جا سکے، تاہم پولیس سرفراز نظامانی کو پہلے ہی نامعلوم مقام پر لے جا چکی تھی۔

ڈی ایس پی پیر شبیر نے صحافیوں کو بتایا کہ کیلاش کولہی قتل کیس ہائی پروفائل ہو چکا ہے اور آئی جی پی سندھ جاوید اختر اوڈھو اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق دھاریجو خود اس کیس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو دن کے ریمانڈ کے دوران ملزم کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والے آلے کی برآمدگی اور مزید تفتیش کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button