کاغان اور ناران میں شدید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند، سیاحوں کے لیے اہم ہدایت جاری

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) کاغان اور ناران میں شدید بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں اہم شاہراہیں بند ہو گئیں اور ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ اور بٹہ کنڈی کے مقام پر ٹریفک معطل ہو گئی، تاہم بھاری مشینری اور امدادی عملہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گیا۔
حکام نے بتایا کہ جھیل سیف الملوک جانے والا راستہ عارضی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، تاہم مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث سیاحوں کو فی الحال جھیل کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی رحم دل خان نے کہا کہ مسافروں اور سیاحوں کی حفاظت کے پیشِ نظر جھیل سیف الملوک کا راستہ بند رکھا گیا ہے، جبکہ شہری سفر سے قبل سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بٹہ کنڈی روڈ کو وقتی طور پر کھولا گیا تھا، لیکن مزید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اسے دوبارہ بند کرنا پڑا، جس سے گلگت جانے والی شاہراہ بھی متاثر ہوئی ہے۔
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق متاثرہ شاہراہوں کی بحالی کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے کام تیزی سے جاری ہے۔



