جسٹس ریٹائرڈ منصور علی شاہ کی قانونی میدان میں واپسی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ کے مستعفی جج جسٹس منصور علی شاہ نے باضابطہ طور پر دوبارہ وکالت شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کے بعد انہوں نے قانونی پریکٹس کا آغاز کر دیا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ کے مطابق ان کی پیشہ ورانہ توجہ اب بین الاقوامی اور ملکی ثالثی (Arbitration) کے ساتھ ساتھ سٹریٹجک قانونی مشاورت پر مرکوز رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت وہ لمز (LUMS) میں بطور پروفیسر تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
سابق جج کا کہنا تھا کہ وہ 2026 میں ییل لاء اسکول اور 2027 میں پینسلوانیا کیری لاء اسکول میں تدریسی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بطور ثالث (Arbitrator) اور میڈی ایٹر تقرری کے لیے دستیاب ہوں گے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون کی بالادستی، آئین، دیانتداری اور شفافیت سے ان کی وابستگی بدستور برقرار رہے گی۔



