جسٹس کامران نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) جسٹس محمد کامران ملاخیل نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے منصب کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر جعفر خان مندوخیل نے جسٹس کامران ملاخیل سے چیف جسٹس کے منصب کا حلف لیا، تقریب حلف برداری میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز، سینئر وکلاء اور بار کے نمائندوں نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے دوسرے اجلاس میں بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری پر مشاورت کی گئی تھی، اس اجلاس میں تین سینئر ججز جسٹس کامران خان ملاخیل، جسٹس اقبال احمد کانسی اور جسٹس شوکت علی درخشانی کے نام زیر غور آئے تھے۔
کمیشن نے وسیع مشاورت کے بعد جسٹس کامران خان ملاخیل کے نام کی منظوری دی تھی، جنہوں نے آج بلوچستان ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس کا حلف اٹھایا ہے۔



