"شوہر قید ہے، مجھے ماردینگے” ڈیپلو پریس کلب کے سامنے حیدرآباد کی خاتون کا احتجاج،اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی)جی آر کالونی حیدرآباد کی رہائشی خاتون شازیہ آرائیں ڈیپلو پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پانچ ماہ قبل انہوں نے جاوید ولد الف نہڑی کے ساتھ ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی۔
شازیہ آرائیں نے کہا کہ وہ دونوں چار ماہ تک ملتان میں اکٹھے رہے، جس کے بعد جاوید چھٹی پر اپنے گاؤں گیا جہاں اس کے چچاؤں عزیز نہڑی، نظیر نہڑی اور الہورایو نے زبردستی اس کی دوسری شادی کروا کر اسے قید کر لیا ہے، جس کے باعث ان کا اپنے شوہر جاوید سے کوئی رابطہ نہیں رہا۔
انہوں نے بتایا کہ شوہر سے رابطہ نہ ہونے پر وہ ملتان سے ڈیپلو پہنچیں اور ڈیپلو تھانے میں درخواست جمع کروائی، جہاں جاوید کا چچا عزیز نہڑی آکر انہیں دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ کوئی نکاح نہیں ہوا، تم فراڈ کر رہی ہو، یہاں سے چلی جاؤ ورنہ جان سے مار دیں گے۔
شازیہ آرائیں نے کہا کہ وہ ڈیپلو میں اکیلی اور دربدر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں ان کے شوہر جاوید سے ملوایا جائے اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



