بدین:میرپورخاص میں ڈاکٹر کریم شیخ کی خودکشی کے واقعے کیخلاف سول سوسائٹی کا احتجاج

میرپورخاص (شاھد میمن) مٹھی سول اسپتال کے ڈاکٹر کریم شیخ کی موت کے واقعے کے خلاف میرپورخاص میں سول سوسائٹی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے کی قیادت واجد لغاری، لالا اظہر پٹھان، نور محمد مری اور جمن لغاری نے کی اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مٹھی سول اسپتال کے ڈاکٹر کریم شیخ کی موت خودکشی نہیں بلکہ قتل ہے کیونکہ انہیں مسلسل ذہنی اذیت اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث وہ اپنی جان لینے پر مجبور ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کریم شیخ اپنے وائس نوٹ اور خط میں پہلے ہی ذمہ دار افراد کے بارے میں انکشاف کر چکے تھے لہٰذا ان کے ورثاء کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری ادارے مافیاؤں اور بیوروکریسی کے زیرِ اثر آ چکے ہیں جہاں ایماندار اور محنتی افراد کی تذلیل کی جاتی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے۔



