مٹھی: بااثر شخص نے غریب کی گائے کو ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کے وار سے قتل کر دیا

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ڈیپلو کے قریب ظلم کی انتہا، بااثر شخص نے غریب شخص کی گائے کو ڈنڈوں اور کلہاڑیوں سے قتل کردیا۔
ڈیپلو کے نواحی گاؤں ونگڑ میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بااثر شخص ہیرو ٹھاکر نے مبینہ طور پر غریب شخص ندیم پاڑہو کی گائے کا تعاقب کیا اور اسے سیدھی کلہاڑیوں اور لاٹھیوں کے وار کر کے ہلاک کر دیا۔
متاثرہ ندیم پاڑہو کے مطابق اس کی گائے جھنگل میں پھنس گئی اور غلطی سے ہیرو ٹھاکر کے فصل کی کالر (باڑ) میں گھس گئی جس پر بااثر شخص نے سفاکانہ رویہ اپناتے ہوئے بے زبان جانور کو ہلاک کردیا۔ ندیم کا کہنا ہے کہ میں ایک غریب اور نادار شخص ہوں، یہ صرف گائے تھی، اب اس کا بچھڑا بھوک سے نڈھال ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے ایس ایس پی تھرپارکر سے واقعہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ تھر ایک پرامن خطہ ہے اور اس طرح کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں یہ انتہائی افسوسناک عمل ہے۔
عوام انتظامیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ بلا تاخیر بااثر مجرموں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ بے زبان جانوروں اور غریب عوام کے ساتھ ہونے والے مظالم کا ازالہ ہو سکے۔
دریں اثناء ڈیپلو تھانے سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کیا۔



