پاکستان کا جنوبی ایشیا جوجٹسُو چیمپئن شپ 2026 میں شاندار آغاز

کولمبو(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان نے جنوبی ایشیا جوجٹسُو چیمپئن شپ 2026 میں شاندار آغاز کیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے شہر کولمبو کے ڈگانا اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہونے والی چیمپین شپ  میں جنوبی ایشیائی ممالک کے نامور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، پہلے دن ڈو ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں،ڈو مین کلاسک کیٹیگری میں محمد علی راشد اور محمد یوسف علی نے گولڈ میڈل حاصل کیا،  ڈو مکسڈ کیٹیگری میں محمد علی راشد اور اسرا وسیم نے بھی پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

ڈو ویمن کیٹیگری میں کائنات عارف اور اسرا وسیم نے سلور میڈل حاصل کیاجبکہ ڈو مکسڈ کیٹیگری میں رشال خان اور محمد عبداللہ علی نے سلور میڈل جیتا۔فائٹنگ اور نیوازا کیٹیگریز میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

کائنات عارف نے مائنس57 کلوگرام میں گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ وشال نے  مائنس48 کلوگرام میں سلور میڈل جیتا۔ گرلز انڈر18 کیٹیگری  میں زنیرہ ذوالفقار اور سندس علی نے ڈو ٹیم ایونٹ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ انڈر 16 ایونٹس میں سندس علی اور محمد عبداللہ علی نے پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتا۔

پاکستان جوجٹسُو فیڈریشن کے چیئرمین خلیل احمد خان نےپاکستان ٹیم کی شاندار کامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ 11 رکنی قومی دستے کے  کھلاڑیوں نے پہلے ہی دن چیمپئن شپ میں غیر معمولی کھیل پیش کیا جو ان کی محنت، نظم و ضبط اور بہترین تیاری کا نتیجہ ہے۔محدود وسائل کے باوجود ایسی کامیابی حاصل کرنا قابل تعریف ہے۔

چیمپین شپ میں ذمہ داریاں ادا کرنے والے سیکریٹری جنرل اور ٹیم لیڈر طارق علی  نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن کی کارکردگی سے بہت حوصلہ افزا ہے، ہمارے کھلاڑیوں نے زبردست جذبہ اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ امید ہے کہ دوسرے دن کے نتائج مزید بہتر ہوں گے اور ٹیم پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button