پی ٹی آئی اور جے یو آئی میں اہم اتفاق، پارلیمنٹ میں مشترکہ لائحہ عمل طے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے 27 ستمبر کے احتجاج کو ملتوی کرنے کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال حکومت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم قومی ایشوز پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے وفد کی ملاقات ختم ہوگئی، جس میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ کی حد تک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا ہے، تاہم تحریک انصاف مولانا فضل الرحمان کو پارلیمنٹ سے باہر مشترکہ احتجاج پر آمادہ نہیں کرسکی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مشاورت کے بعد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی تاریخ مقرر کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پی ٹی آئی قومی معاملات پر دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری رکھے گی اور اہم قومی ایشوز پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔



