ڈگری جعلی نکلی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ جسٹس طارق محمود جج تعیناتی کے وقت وکیل بننے کی اہل نہیں تھے، عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کوڈی نوٹیفائی کرنے اور فیصلے کی کاپی منسٹری آف لاء کو بھیجنے کا حکم دیدیا گیا۔دوران سماعت رجسٹرار کراچی یونیورسٹی ریکارڈ سمیت پیش ہوئے۔ عدالت کو بتایا کہ طارق جہانگیری نے جعلی انرولمنٹ نمبر سے ایل ایل بی کا امتحان دیا، پابندی کے دوران ہی پیپر کلیئر کئے۔ کالج کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں۔ رجسٹرار نے عدالت کو بتایا کہ کراچی یونیورسٹی نے جسٹس طارق جہانگیری کی ڈگری منسوخ کردی ہے۔جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 9 دسمبر کے 2 رکنی بینچ کے خلاف آئینی عدالت میں اپیل دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست قابل سماعت نہیں۔جسٹس طارق جہانگیری کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ میرے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی رٹ کو خارج کیا جائے۔



