بدین: منشیات اور بدامنی کیخلاف جسقم کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو پی کے)منشیات اور بدامنی کے خلاف جسقم کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری، دھرنا برقرار، تحریک تیز کرنے کا اعلان پنگریو میں منشیات فروشی اور بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف جسقم کی جانب سے شروع کی گئی احتجاجی تحریک تیسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ کارکنوں نے پنگریو پریس کلب کے سامنے جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔احتجاج کی قیادت ضلع بدین کے رہنما ارشد چانڈیو، جسقم پنگریو کے صدر محبوب علی جونیجو، یار محمد حجام، فقیر امجد علی احمدانی، مہتاب علی جونیجو، سید زین علی شاہ، شبیر احمد حجام پہلوان اور سید حسنین شاہ نے کی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنگریو اور گردونواح میں منشیات کا کاروبار کھلے عام جاری ہے، جس میں آئس، وسکی، سفینہ، چرس اور شراب کی فروخت کے ساتھ جوا کے اڈے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے جبکہ جرائم کی شرح میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔رہنماؤں نے مزید کہا کہ شہر میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی جیسے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں، جس سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے پولیس کی کارکردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور جوا مافیا کے خلاف فوری اور بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔احتجاج کے دوران رہنماؤں نے اعلان کیا کہ جب تک پنگریو میں منشیات کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے، اس وقت تک احتجاجی دھرنا اور تحریک جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا



