سکھر پریس کلب کے انتخابات میں لالا اسد پٹھان کے جرنلسٹس پینل کے تمام امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) سکھر پریس کلب اور سکھر یونین آف جرنلسٹس کے سال 2026ء کے انتخابات میں لالا اسد پٹھان کے جرنلسٹس پینل کے تمام نامزد امیدوار بلا مقابلہ کامیاب قرار دے دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسی طرح سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن، کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن اور کیمرامین اینڈ فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں بھی جرنلسٹس پینل نے کلین سوئپ کرتے ہوئے تمام عہدوں پر بلا مقابلہ کامیابی حاصل کی ہے۔

انتخابی نتائج کے مطابق سکھر پریس کلب کے صدر خالد بانبھن اور جنرل سیکریٹری سید احقر رضوی بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جبکہ سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر جاوید جتوئی اور جنرل سیکریٹری کامران شیخ بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ جہانزیب وسیر سکھر یونین آف جرنلسٹس کے جوائنٹ سیکریٹری بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔ سکھر کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر انس گھاناگھرو اور جنرل سیکریٹری مورڑو مہر بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ سحرش کوکر سندھ ویمن جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی صدر جبکہ گل رخ ویرانی سیکریٹری جنرل بلا مقابلہ منتخب ہوئیں۔

اس کے علاوہ تمام متعلقہ اداروں کی ایگزیکٹو کمیٹیوں کے اراکین بھی جرنلسٹس پینل کی جانب سے بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جسے صحافی برادری کی جانب سے پینل پر مکمل اعتماد کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس موقع پر جرنلسٹس پینل کے سربراہ لالا اسد پٹھان نے کہا کہ بلا مقابلہ کامیابی صحافی برادری کے جرنلسٹس پینل پر غیر متزلزل اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور آزادیٔ اظہار کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button