صومالیہ کی پاکستان سے 24 جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری پر مذاکرات، 2 کھرب 51 ارب روپے کا دفاعی معاہدہ زیر غور، صومالی میڈیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صومالیہ اور پاکستان کے درمیان 24 جدید جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری کے لیے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت تقریبا 2 کھرب 51 ارب روپے (900 ملین ڈالر) کا دفاعی معاہدہ زیر غور ہے۔
صومالی میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ صومالیہ کی فضائی جنگی صلاحیت کی بحالی کی پہلی بڑی کوشش تصور کی جا رہی ہے، جو 1991 میں ریاستی انہدام کے بعد کی جانے والی اہم دفاعی پیش رفت ہے۔
دونوں ممالک کے مذاکرات بنیادی طور پر جے ایف 17 کے جدید بلاک تھری ورژن پر مرکوز ہیں۔ معاہدے میں پائلٹ تربیت، ہتھیاروں کا انضمام اور لاجسٹکس پیکج بھی شامل ہے تاکہ صومالیہ کی فضائیہ کی صلاحیت کو مکمل طور پر مضبوط کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ موغادیشو کی سرد جنگ کے بعد سب سے بڑی اور اہم دفاعی خریداری ہوگی، اور افریقہ خطے میں سکیورٹی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلی کا اشارہ دے گی۔
صومالی میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور ترکیہ ممکنہ مالی معاونین میں شامل ہیں، جبکہ پاکستان پہلے میانمار، نائجیریا اور آذربائیجان کو جے ایف 17 فروخت کر چکا ہے۔ مزید برآں، بنگلہ دیش اور عراق بھی جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔



