بدین:یونین کونسل خلیفہ قاسم کے سابق چیئرمین جاوید علی جونیجو انتقال کر گئے

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ٹنڈوباگو کے نواحی علاقے یونین کونسل خلیفہ قاسم کے سابق چیئرمین جاوید علی جونیجو طویل عرصے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد حیدرآباد کے ایک نجی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ مرحوم کے بھائی محبوب جونیجو، جو کہ جئے سندھ قومی محاذ (جسقم) یونٹ پنگریو کے صدر بھی ہیں، نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 12 مارچ 2024 کو جاوید جونیجو پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں مخالفین نے ریپیٹر کے ذریعے اندھا دھند فائرنگ کی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد چھیروں نے ان کے جسم کو چھلنی کر دیا، جن میں سے کچھ چھیرے جسم سے پار ہو گئے جبکہ کئی خطرناک چھیرے جسم میں ہی پیوست رہ گئے تھے انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ پنگریو میں درج کیا گیا تھا تاہم جسم میں موجود رہ جانے والے چھیروں کے زہریلے اثرات کے باعث جاوید جونیجو کی حالت مسلسل بگڑتی رہی اور بالآخر وہ جانبر نہ ہو سکے محبوب جونیجو نے ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ وہ اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لے کر درج مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کریں اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے واضح رہے کہ تقریباً 15 ماہ قبل پنگریو کے قریب 144 ایکڑ زرعی زمین کے تنازعے پر آرائیں، جونیجو اور چانڈیو برادریوں کے درمیان تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں خالد چانڈیو جاں بحق جبکہ جاوید جونیجو شدید زخمی ہو گئے تھے



